بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ تائیوان میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ کام کرنے اور مین لینڈ کو تائیوان کی زرعی اور آبی مصنوعات کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے میں مدد فراہم کرنےکو تیار ہے۔
چین کی ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کی ترجمان ژو فینگ لیان نے کہا کہ جمعے کو جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز نے تائیوان گروپرز کی درآمد دوبارہ شروع کردی ہیں۔ جزیرے پر کچھ کاروباری ادارے پہلے ہی متعلقہ آزمائش پر پورے اترچکے ہیں اور مین لینڈ میں برآمد کی اہلیت رکھنے والے گروپرز کا اندراج کیا جاچکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ جون 2022 میں جزیرے سے گروپر کی درآمدات کی معطلی کے بعد تائیوان کے گروپر کسانوں کے اصلاحاتی جائزے پر مبنی ہے کیونکہ پہلے سے درآمد شدہ گروپر کھیپ میں مالاکائٹ گرین، کرسٹل وائلٹ اور آکسی ٹیٹرا سائکلن کی حد سے زیادہ مقدار کا انکشاف ہوا تھا۔
ژو نے کہا کہ جب تک 1992 کا اتفاق رائے برقرار رہے گا اور "تائیوان آزادی" کی مخالفت ہوگی تب تک فریقین آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف ایک خاندان کی مانند رہیں گے اور ایک خاندان میں مسائل حل کرنا آسان ہوتا ہے۔