• Atlanta, United States
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی مندوب کا مشرق وسطیٰ تنازعے کے واحد قابل عمل دوریاستی حل پر زورتازترین

July 18, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے زور دے کر واضح کیا ہے کہ دوریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل  کا واحد قابل عمل طریقہ ہے۔

سلامتی کونسل کی فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ پر کھلی بحث کے دوران فو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تنازعے کو حل کرنے کا واحد قابل عمل حل  دو ریاستی حل  ہی ہے۔

انہوں نے غزہ کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی جو مسلسل جاری تنازعے کا شکارہے  جہاں بدترین انسانی بحران پیدا ہوا ہے اور 38 ہزار سے زیادہ اموات  ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو وہاں انسانی جانوں کے تحفظ اور جاری شورش کے خاتمے کیلئے بغیر کسی تاخیر کے جنگ بندی کیلئے اپنی تمام  تر کوششیں کرنی چاہیں۔

انہوں نے جاری فوجی آپریشن اور غزہ کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کی مذمت کی اور جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

انہوں  نےنشاندہی کی  فضا سے امدادی سامان پھینکنے کی بندش نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ زمینی نقل و حمل کے راستے بڑے پیمانے پر انسانی رسائی کو بڑھانے کا سب سے موثر ذریعہ ہیں ۔فو نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ ناکہ بندیاں اٹھائے اور انسانی امداد کی فوری اور محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام زمینی گزرگاہوں کو کھول دے۔

انہوں نے انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور ان کے اہلکاروں پر حملوں کی بھی مذمت کی اور مکمل تحقیقات اور احتساب کا مطالبہ کیا۔

فو نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے چین کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا اور جنگ کے بعد کی حکمرانی پر تبادلہ خیال میں فلسطینی عوام کی خواہشات کا احترام کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ 

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی خواہشات کا احترام کرنا اور علاقائی ممالک کے جائز خدشات کو دور کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے دو ریاستی حل کے نفاذ کے لئے ایک ٹھوس ٹائم ٹیبل اور روڈ میپ قائم کرنے کے لئے ایک بڑی اور زیادہ مستند بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔