• Ashburn, United States
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی مندوب کی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی مذمتتازترین

August 30, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے مغربی کنارے میں اسرائیل کے حالیہ فوجی آپریشن کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران گینگ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز مغربی کنارے میں تلکرم، جنین اور توبس سمیت فلسطینی شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ  اسرائیل مغربی کنارے میں  بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بستیوں میں توسیع کر رہا ہے اور فلسطینیوں کے خلاف تلاشی کی کارروائیاں، گرفتاریاں اور چھاپے تیز کر رہا ہے۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سینئر اسرائیلی حکام نے حال ہی میں مغربی کنارے میں وہی طریقہ کار اپنانے کی بات کی ہے جو انہوں نے غزہ میں  اپنایا، چینی مندوب نے کہا کہ ہم اس طرح کے انتہا پسندانہ  بیانات سے حیران اور سنجیدگی سے فکرمند ہیں جن کی عالمی سطح پر مذمت کی جانی چاہیئے ۔

گینگ نے کہا کہ چین ایسے کسی بھی اقدام یا بیان بازی کی مخالفت کرتا ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو اور شہریوں پر تمام حملوں کی مذمت کرتا ہے، تمام فریقوں، خاص طور پر اسرائیل سے پرامن رہنے اور تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ اب زمین پر جہنم بن چکا ہے۔ ہمیں مغربی کنارے میں  غزہ جیسی انسانی تباہی کی کبھی اجازت نہیں دینی چاہیے جو مغربی کنارے کو زمین پر ایک اور جہنم میں تبدیل کر دے گی۔