بیجنگ(شِنہوا) چینی نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے بہار تہوار کی تعطیلات کے دوران ٹرانسپورٹ آپریشنز کی حفاظت کو اولین ترجیح دینے اور مناسب سفری خدمات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن، نائب وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار وزارت ٹرانسپورٹ کے معائنہ کے دورے کے دوران کیا۔
دورے کے دوران نائب وزیر اعظم نے بیجنگ، جیانگ سو، گوانگ ڈونگ اور ہائی نان سمیت مختلف علاقوں کے متعدد روٹس پر ٹریفک کی صورتحال کا ورچوئل طور پر معائنہ کیا۔ نائب وزیر اعظم کو تعطیلات کے بعد موسمی حالات، مسافروں کے واپسی کے سفر کی متوقع صورتحال اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
ہی لی فینگ نے کہا کہ کچھ علاقے حالیہ دنوں میں مسلسل شدید موسمی حالات کا شکار رہے ہیں، انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ تعطیلات کے بعد واپسی کے سفر پر ممکنہ موسمی تبدیلیوں اور ہنگامی صورتحال کے لیے جلد از جلد تیاری کریں۔
نائب وزیر اعظم نے کام کی جگہوں پر تحفظ کی ذمہ داریوں کو جامع طور پر مضبوط کرنے اور متبادل شاہراہوں اور ہائی وے کنٹرول کے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا ، تاکہ حفاظت سے متعلقہ خطرات کو بہتر طریقے سے دورکیا جا سکے۔