شی آن(شِنہوا)چین کے نائب وزیر اعظم لیو گوژونگ نے زراعت میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراعات میں تیزی لانے، کھیتوں میں آبپاشی اور پانی کے تحفظ کے نظام میں بہتری اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اناج کی پیداوار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
لیو گوژونگ جو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں ،نے یہ بات چین کے شمال مغربی صوبہ شانشی کے اپنے حالیہ تحقیقی دورے کے دوران کہی۔
چین کے نائب وزیر اعظم نے ہائی ٹیک ایگریکلچرل انڈسٹری ڈیموسٹریشن زون اور نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ معیار کی فصلوں کی اقسام کی افزائش، بنجر علاقوں میں پانی کے تحفظ، اورپہاڑی علاقوں میں زرعی مشینری کی تحقیق اور ترقی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
چینی نائب وزیر اعظم نے اختراعی پلیٹ فارمز کی تیاری اور زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی کو حکمت عملی کے طورپر ترقی دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور اختراعات کا زرعی شعبہ میں جدت لانے میں کلیدی کردارہے۔
انہوں نے کہا کہ ایجادات کو مل جل کرمضبوط بنانے،وسائل کی اشتراکیت کو بہتر بنانے اور کلیدی شعبوں میں اہم ٹیکنالوجیز کو ترقی دینے کےلیے کوششیں کی جانی چاہئیں تاکہ چین تیز رفتاری سے زرعی سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں زیادہ سے زیادہ خود انحصاری اور قوت حاصل کر سکے۔
اپنے تحقیقی دورہ کے دوران لیو نے فوپنگ کاؤنٹی کے دریا کی انتظامی پیشرفت، پوچھنگ کاؤنٹی کے نکاسی آب کے نظام کی مرمت اور دریائے وی ہی کے کنارے حیاتیاتی ماحول کی بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔