تاشقند(شِنہوا) چین کے نائب وزیراعظم لیو گوژونگ نے ازبکستان کے اپنے دورہ کے دوران ازبک صدر شوکت مرزی یوف سے ملاقات کی۔
اپنے دورے کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن لیو گوژونگ نے ازبک وزیر اعظم عبداللہ اریپوف کے ساتھ بھی ملاقات کی اور چین-ازبکستان بین الحکومتی تعاون کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
لیو گوژونگ نے صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی طرف سے صدر مرزی یوف اور وزیر اعظم اریپوف کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں مممالک کے سربراہان نےنئے دور کیلئے دونوں ملکوں کی سٹرٹیجک شراکت داری کی ترقی اور مشترکہ مستقبل کیساتھ چین ازبک کمیونٹی کےقیام کو فروغ دینے کا مشترکہ اعلان کررکھا ہے جو چین ازبکستان تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چین ازبکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، بنیادی مفادات کے مسائل پر ایک دوسرے کی مضبوطی سے حمایت کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر ازبک صدر مرزی یوئیف اور وزیر اعظم اریپوف نے چینی نائب وزیراعظم لیو گوژونگ سے کہا کہ وہ صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کو ہماری نیک خواہشات کا پیغام پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایک چین کے اصول پر ثابت قدمی سے عمل پیرا رہے گا، دونوں ممالک کے درمیان جامع باہمی تعاون کی سطح کو مسلسل بلند کرنے سمیت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ ترقی میں کردار ادا کرےگا۔
لیو گوژونگ اور اریپوف نے چین-ازبکستان بین الحکومتی تعاون کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی۔ جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں معیشت و تجارت، توانائی، نقل و حمل، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلوں اور غربت میں کمی جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں تعاون کے نئے انتظامات کئے گئے۔ملاقات کے بعد دونوں فریقین نے اجلاس کے منٹس پر دستخط کئے۔
اپنے دورے کے دوران لیو گوژونگ نے دو طرفہ تعاون کے کئی منصوبوں کا معائنہ کیا، جن میں پھینگ شینگ انڈسٹریل پارک اور چائنہ-ازبکستان میڈیسن ٹیکنیکل پارک شامل ہیں۔