بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب وزیر اعظم لیو گوژونگ نے اتوار کو نرسوں کے عالمی دن پر ملک کی تمام نرسوں کو مبارکباد دی ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن لیو نے یہ مبارکباد دارالحکومت بیجنگ میں چلڈرن اسپتال کے دورے کےموقع پر دی ۔
انہوں نے تمام نرسوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند چین انیشی ایٹو کی پیشرفت میں فعال طریقے سے حصہ لیں ، اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور طرز عمل بہتر بنائیں اور لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لئے دل و جان سے کام کریں۔
لیو نے اس بات کا بطور خاص تذکرہ کیا کہ صحت مند چین کی تعمیر اور کسی بڑی ہنگامی صورتحال میں ملک کے ردعمل کے دوران نرسنگ کا کردار منفرد ہوتا ہے۔ تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں سے چین نے نرسنگ شعبے میں خاطر خواہ پیشرفت کی جس سے اس کی نرسنگ افرادی قوت میں اضافہ اور ان کی صلاحیتوں میں بہتری آئی۔
لیو نے کہا کہ چین میں لوگوں کا معیار زندگی بہترہونے اور آبادی کی عمر بڑھنے سے معیاری نرسنگ خدمات کی عوامی ضرورت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے پیشہ ور کارکنوں کی تربیت بہتر بنانے ، بزرگوں ، بچوں اور شدید بیمار مریضوں کے لئے نرسنگ خدمات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے نرسوں کے لئے حوصلہ افزائی اور ادائیگی کا طریقہ کار بہتر بنانے ، ان کے کام کا ماحول بہتر کرنے اور ان کے کیریئر کے امکانات میں اضافے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔