بیجنگ(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازعہ پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کو فروغ دینے کے لیے عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
ان خیالات کا اظہارچینی نائب صدر ہان ژینگ نے پیر کو بیجنگ میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی قیادت میں وفد میں اردن، مصر، فلسطین اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل شامل تھے۔
ہان نے کہا کہ چین مشترکہ عرب اسلامی غیرمعمولی سربراہی اجلاس میں امن کی کوششوں اور انصاف کے مطالبے کو سراہتا ہے اور زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کے لیے مشترکہ وزارتی فالو اپ کمیٹی کی حمایت کرتا ہے۔
ہان نے کہاکہ چین کو غزہ میں انتہائی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے اور غزہ کے لیے ہنگامی امداد اور نقد امداد میں تیزی لا رہا ہے۔