ہانگ کانگ(شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایچ کے ایس اے آر) میں چینی وزارت خارجہ کے کمشنر آفس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کی قانون کی حکمرانی کی بنیاد اور اس کی قانون کی حکمرانی پر عالمی برادری کا اعتماد کسی بیرونی مداخلت سے متاثر نہیں ہو گا۔
ترجمان نے گزشتہ روز یہ بیان ہانگ کانگ کورٹ آف فائنل اپیل کے غیرمستقل جج کے عہدے سے مستعفی ہونے والے برطانوی جج جوناتھن سمپشن کی جانب سے ہانگ کانگ کی قانون کی حکمرانی کے خلاف لگائے گئے الزامات اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایچ کے ایس اے آرکے قوانین کے خلاف کچھ برطانوی سیاست دانوں کی مہم کے جواب میں دیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایچ کے ایس اے آر میں قانون کی حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بنا کر سمپشن نے بطور جج پیشہ ورانہ اخلاقیات اور قانون کی حکمرانی کی روح کی خلاف ورزی کی جبکہ چین مخالف برطانوی سیاست دانوں کی طرف سے پروپیگنڈا ہانگ کانگ کے استحکام اور خوشحالی کو تسلیم کرنے سے انکار کرنے کی ان کی دوغلی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بیرونی قوتیں قومی سلامتی اور عدالتی نظام کے تحفظ سے متعلق ہانگ کانگ کے قوانین کو غلط ثابت کرنے کے لیے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کررہی ہیں اور وہ ایچ کے ایس اے آر کے ججز اور پراسیکیوٹرز کو دہشت زدہ کرنے اور دھمکیاں دینے کی حد تک پہنچ رہے ہیں ترجمان نے کہا کہ یہ وہ قوتیں ہیں جو ہانگ کانگ کی قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔