• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 4th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیر اعظم کا عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے پر زورتازترین

March 21, 2024

نان چھنگ(شِنہوا)چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے لوگوں کی اعلیٰ معیار کی زندگی کے لیے توقعات پر پورا اترنے اور ان کی فلاح و بہبود میں بہتری لانے پر زور دیا ہے۔

لی چھیانگ جو چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں،نے یہ بات فیوجیان اور جیانگ شی صوبوں کے اپنے حالیہ معائنہ دورے کے دوران کہی۔

فیوجیان صوبے کے دارالحکومت فوژو میں ایک مقامی پارک کا دورہ کرنے کے موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود میں سب سے زیادہ کردار  سازگارماحول کا ہوتا ہے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مزید کوششیں کی جانی چاہئیں۔

فیوجیان کے دورے کے موقع پر چینی وزیر اعظم نے بزرگوں اور بچوں کی بہتر دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سسٹم کو اس انداز سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے کہ یہ مختلف گروپوں کی ضروریات کو پورا کرسکے اور جائیداد کی خرید اور انہیں کرائے پر دین کے شعبوں کی حوصلہ افزائی کرے۔

انہوں نے ادارہ جاتی جدت کے ذریعے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اختراعات کو فروغ دینے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔

صوبہ جیانگ شی کے دارالحکومت نان چھنگ میں ایک کیریئر سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم لی چھیانگ کا کہنا تھا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے روزگار کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ انہوں نے ملازمت کے متلاشی افراد کو روزگار کے حصول میں درپیش مشکلات  کو دور کرنے میں  بھرپور معاونت فراہم کرنے پر زور دیا۔

چینی وزیر اعظم نے جیانگ شی میں ایک ووکیشنل کالج، ایک کمیونٹی ہیلتھ سروس سینٹر، اور ایک زرعی فرم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی کونسلر وو ژینگ لونگ بھی انکے ہمراہ تھے۔