بیجنگ (شِنہوا)چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے جوڈتھ سومینوا تولوکا کوجمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
مبارکباد کے پیغام میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین اور جمہوریہ کانگو جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، لی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں صدر شی جن پھنگ اور صدرفیلکس تشیسیکیڈی کی رہنمائی میں دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی مضبوط ہوئی ہے اورمختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم لی نے کہا کہ چینی حکومت دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
چینی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد اور باہمی بنیادی مفادات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے دو طرفہ عملی تعاون کو مسلسل مضبوط کرنے کے لیےتولوکا کی زیر قیادت کانگو کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ چین-کانگو جامع تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی کامیابیوں سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد حاصل ہو سکیں۔