بیجنگ(شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ کی زیر صدارت ریاستی کونسل کا ایگزیکٹو اجلاس ہوا جس میں فنانسنگ کریڈٹ سروسز پلیٹ فارمز کے قیام اور مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی قرضوں اور گرانٹس میں اضافے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں رئیل اسٹیٹ پالیسیوں کو بہتر بنانے کے بارے میں رپورٹس کا جائزہ لیا گیا، اور ملکی بندرگاہوں پر بین الاقوامی کروز جہازوں کے لنگر انداز ہونے کے ضوابط کا جائزہ اور ان کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ فنانسنگ کریڈٹ سروسز پلیٹ فارمز کا قیام سائنس ٹیک فنانس، گرین فنانس، انکلوژو فنانس، پنشن فنانس اور ڈیجیٹل فنانس کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ اس طرح کے پلیٹ فارمز کے درمیان یکساں منصوبہ بندی اور معلومات کے تبادلوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو موجودہ کریڈٹ سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
اجلاس میں رئیل اسٹیٹ پالیسیوں کو مزید بہتر بنانے، ہاوسنگ پراجیکٹس کی فراہمی کو یقینی اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوششوں پر زور دیا گیاکہ رئیل اسٹیٹ فنانسنگ کوآرڈینیشن میکانزم ٹھوس نتائج فراہم کرے۔