بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے جنوبی کوریا کے سابق وزیر اعظم لی ہائی چھان سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ لی جنوبی کوریا کے ایک سینئر سیاست دان ہیں اور چین دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں پیشرفت کے لیے ان کی برسوں کی لگن کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے کہا کہ جنوبی کوریا چین کا قریبی ہمسایہ ملک ہے اور دونوں فریق فطری شراکت دار ہیں۔ چین۔ جنوبی کوریا تعلقات کی مثبت ، مستحکم اور مسلسل ترقی میں پیشرفت کے لئے جنوبی کوریا کے ساتھ ملکر کام کرنے کا چین خواہشمند ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوبی کوریا میں زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ دوست اس ضمن میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ جنوبی کوریا میں چین سے متعلق درست رائے کو فروغ دیا اور دونوں ممالک کے عوام میں تعلقات اور دوستی مضبوط بنائی جاسکے۔
وانگ نے مزید کہا کہ چین کو ہواسیونگ، گیونگی ڈو کے بیٹری پلانٹ میں آتشزدگی پر شدید تشویش ہے جس میں چینی شہریوں کی اموات ہوئیں۔ جنوبی کوریا فوری طور پر حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کرکے اپنی ذمہ داری نبھائے اور اسی طرح کے سانحات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکے۔
ملاقات کے دوران لی نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کے 5 اصول پر عمل کیا ہے اور مختلف تنازعات کے پرامن حل کے لیے کام کرکے ایشیائی خطے میں امن و استحکام کی قیادت کی اور استحکام کو برقرار رکھا۔ لی پرامن بقائے باہمی کے 5 اصول کی 70 ویں سالگرہ پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لیے چین آئے ہوئے ہیں۔
لی نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو جنوبی کوریا بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ ہر سطح پر تبادلے مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت کا خواہشمند ہے۔