گوانگ ژو (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا نے ملاقات کی،گوانگ ژو میں ہونے والی ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے یوکرین بحران کے سیاسی حل پر زور دیا۔
وانگ یی نے کہا کہ یوکرین بحران تیسرے سال میں داخل ہو چکا ہے، تنازعہ تاحال جاری اور اس میں اضافے اور اس کے پھیلنے کے خطرات موجود ہیں۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے پرعزم ہے، وانگ نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کے وضع کردہ چار اصول بحران کے حل کی جانب چین کے بنیادی موقف کی عکاسی کرتے ہیں۔
وانگ نے بتایا کہ چین اور برازیل نے یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے چھ اصولوں پر مبنی مشترکہ مفاہمت کا خاکہ پیش کیا ہے، جن میں تنازع کے حل کے لیے تین اصول، امن منصوبے کے تین عناصر اورانسانی ہمدردی سے متعلقہ تین اقدامات کے علاوہ جوہری خطرات کی روک تھام اور صنعتی و سپلائی چین کے استحکام کو یقینی بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
وانگ نے مزید کہا کہ اس اتفاق رائے کو بین الاقوامی برادری کی طرف سے وسیع حمایت اور مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کا موقف ہے کہ تمام تنازعات کو مذاکرات کی میز پر سیاسی طریقہ کار سے حل کیا جانا چاہیے اور یہ کہ حال ہی میں یوکرین اور روس دونوں نے مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ اگرچہ حالات اور وقت ابھی مناسب نہیں ، لیکن ہم امن کے لیے سازگار تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور جنگ بندی اور امن مذاکرات کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ چین یوکرین کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔