• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 5th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیراعظم کی امریکی وزیر خزانہ سے ملاقات،امریکہ پر مارکیٹ معیشت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری پرزورتازترین

April 08, 2024

بیجنگ (شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے امریکی وزیر خزانہ جینٹ یلین سے بیجنگ میں ملاقات کی۔

چینی وزیراعظم لی نے امید ظاہر کی کہ امریکہ منصفانہ مسابقت اور کھلے تعاون سمیت مارکیٹ معیشت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی امور کو سیاسی یا سلامتی خدشات میں تبدیل کرنے سے گریز کرے گا  اور پیداواری صلاحیتوں کو مارکیٹ پر مبنی اور عالمی نقطہ نظر سے معروضی اور حقیقی انداز میں دیکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کی نئی توانائی صنعت کی ترقی عالمی  ماحول دوست اور کم کاربن منتقلی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ چین۔ امریکہ تعلقات دونوں سربراہان مملکت کی سٹریٹجک رہنمائی میں مستحکم ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ چین پرامید ہے کہ دونوں ممالک باہمی احترام ، پرامن بقائے باہمی اور باہمی مفید تعاون کے ساتھ مخالفین کے بجائے شراکت دار بنیں گے۔

وزیراعظم لی چھیانگ نے امید ظاہر کی کہ امریکہ چین کے ساتھ ملکر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد جاری رکھے گا اور سان فرانسسکو کے وژن کو حقیقت کا روپ دے گا۔

لی نے کہا کہ چین اور امریکہ دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں ہیں جن کے معاشی مفادات ایک دوسرے سے باہمی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنانا ایک دوسرے اور عالمی اقتصادی ترقی کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کو مشترکہ طور پر اختلافات سے نمٹنے اور انہیں حل کرنے کے طریقوں کی تلاش میں رابطے مضبوط بنانے چاہیئں تاکہ چین اور امریکہ کے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے ، دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اورعوام کو مزید فوائد مہیا کرکے دنیا کی اقتصادی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کی بہتری میں کردار ادا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین موسمیاتی تبدیلی اور دیگر امور پر امریکہ کے ساتھ پالیسی تعاون مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے تاکہ عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جاسکے۔

اس موقع پر امریکی وزیرخزانہ یلین نے کہا کہ دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں سے امریکہ۔ چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ امریکہ اور چین دنیا کی دو بڑی معیشتیں ہیں جنہیں اپنے دوطرفہ اقتصادی تعلقات ذمہ داری کے ساتھ سنبھالنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ  چین کے ساتھ اقتصادی مذاکرات اور تعاون میں ہونے والی پیشرفت کو  سراہتا ہے اور وہ چین سے " ڈی کپلنگ" نہیں چاہتا جبکہ وہ سان فرانسسکو میں دونوں صدور کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد کے لیے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے سمیت واضح بات چیت ، غلط فہمیوں سے گریز ، تبادلے و تعاون کو گہرا  کر نے ،اختلافات کا مناسب طریقے سے خاتمہ کرنے ، اہم عالمی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور دو طرفہ تعلقات میں مستحکم پیشرفت کو فروغ دینے کو تیار ہے۔