بیجنگ (شِںہوا) چین کے سینئر رہنماؤں لی چھیانگ ، ژاؤ لی جی، وانگ ہوننگ ، کائی چھی ، ڈینگ شوئے شیانگ اور لی شی نے 14 ویں قومی عوامی کانگریس کانگریس (این پی سی) کے دوسرے اجلاس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی 14 ویں قومی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں گروپ مباحثے میں شرکت کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے صوبہ گوانگ ڈونگ سے قومی عوامی کانگریس کے نائبین کے ساتھ بحث ومباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے صوبے پر زور دیا کہ وہ چینی جدیدیت میں پیشرفت کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔
انہوں نے صوبے پر زور دیا کہ وہ مضبوط عزم اور وسیع تر کوششوں کے ساتھ اصلاحات اور کھلے پن کو فروغ دے ،خطے اور شہری و دیہی علاقوں کے درمیان مربوط ترقی کو آگے بڑھائے اور لوگوں کا ذریعہ معاش بہتر بناکر اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے۔
اقتصادی و زرعی شعبوں کے سیاسی مشیروں کے ساتھ مباحثہ میں وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین رواں سال فعال مالیاتی پالیسی اور دانشمندانہ مانیٹری پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔
لی چھیانگ نے کہا کہ پالیسی ٹولز کی اختراع اور مختلف پالیسیوں کے درمیان آہنگی کے فروغ ، مقامی طلب ، ترقی کے نئے محرکات اور فوائد ، اختراع پر مبنی ترقی میں پیشرفت اور صنعتی و سپلائی چینزمیں لچک اور مسابقت بہتر کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لی جی نے چائنہ ڈیموکریٹک لیگ اور چائنیز پیسینٹس اینڈ ورکرز ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی مشیروں کے ساتھ مباحثوں میں امید ظاہر کی کہ وہ اپنا واضح مؤقف رکھتے ہوئے اور چینی جدیدیت کی واضح راہ کو برقرار رکھیں۔
ژاؤ نے ان پر زور دیا کہ وہ ترقی پر اپنا اعتماد مضبوط کرتے ہوئے ریاستی امور میں فعال طریقے سے حصہ لیں اوراپنے فرائض پوری طرح انجام دیں ۔ اس کے علاوہ عوامی قوت ارادی کو یکجا کرکے زیادہ سے زیادہ طاقت حاصل کریں اور اپنے شعبوں میں منفرد خصوصیات اور فوائدسے بھرپور استفادہ کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور قومی عوامی سیاسی مشاورتی کانگریس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وان ہوننگ نے نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی مشیروں کے ساتھ مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ فعال طریقے سے اپنے فرائض اور ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے مشاورت اور غوروخوض کی کوششیں تیز کریں۔
وانگ نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی مشیر چینی قوم کے لئے کمیونٹی کا ایک مضبوط احساس پیدا کرتے ہوئے نسلی اتحاد اور ترقی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے رکن کائی چھی ادب ، فنون لطیفہ اور کھیلوں کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی مشیروں کے مشترکہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ چینی جدیدیت آگے بڑھانے سے متعلق دانشمندی اور کوششوں میں اپنا کردار کرتے ہوئے چین کو ثقافت اور کھیلوں میں ایک سرکردہ ملک بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔
کائی چھی نے ثقافت اور سیاحت کے گہرے تعلق کے فروغ اور عوام کی ذہنی و جسمانی فٹنس سے متعلق سرگرمیاں بڑے پیمانے پر شروع کرنے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی نائب وزیراعظم ڈینگ شوئے شیانگ نے ہانگ کانگ اور مکاؤ کے خصوصی انتظامی علاقوں (ایس اے آرز) کے سیاسی مشیروں کے مشترکہ گروپ اجلاس میں شرکت کی۔
ڈینگ نے ہانگ کانگ کے بنیادی قانون کی شق 23 کی قانون سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے میں ہانگ کانگ سے تعاون ، مکاؤ میں قومی سلامتی کے تحفظ سے متعلق مکمل نظام و میکانزم اور "ایک ملک ، دو نظام" کا مستقل اور پائیدار نفاذ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مرکزی کمیشن برائے معائنہِ نظم وضبط کے سیکرٹری لی شی نے جیو سان سوسائٹی کے سیاسی مشیروں اور پارٹی سے وابستگی نہ رکھنے والی شخصیات کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے بدعنوانی کے خلاف سخت اور طویل جنگ میں کامیابی پر زور دیا۔