بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے شمال مغربی صوبے شانشی میں ہائی وے پل منہدم ہونے کے بعد لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن امدادی کوششوں پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی نے یہ ہدایت شہر شانگ لو کی کاونٹی ژا شوئی میں شدید بارش کے بعد آنے والے سیلاب سے پل منہدم ہونے کے بعد جاری کی۔ یہ پل جمعہ کی شب تقریبا 8 بجکر 40 پر گرا تھا اور گزشتہ صبح تک 12 افراد ہلاک اور 30 سے زائد لاپتہ تھے۔
صدر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں، لاپتہ افراد کی تلاش اور ہلاکتیں کم سے کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی کوششوں پر بھی زور دیا۔
صدر شی نے مربوط امدادی کاموں اور واقعے کے بعد ثانوی حادثات کی روک تھام کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب کی روک تھام کا نازک دور قریب آنے کے ساتھ ساتھ علاقوں اور متعلقہ محکموں کے لئے لازم ہوگیا ہے کہ وہ زیادہ چوکس رہیں اپنے فرائض تندہی سے انجام دیں، نگراں نظام اور قبل از وقت انتباہ کا طریقہ کار بہتر بنائیں، معائنے میں اضافہ کریں اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے مختلف اقدامات پر احتیاط سے عمل درآمد کریں۔
چینی وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن لی چھیانگ نےبھی لاپتہ افراد کی تلاش اور انہیں بچانے کی ہرممکن کوشش ، وجوہات کی فوری تحقیقات اور ثانوی آفات کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ژانگ گوچھنگ امدادی کاموں میں رہنمائی کے لیے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔