بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ ،کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) اور ریاست کے دیگر رہنماؤں نے ہفتہ کی صبح بیجنگ کے تیان آن من اسکوائر میں وطن کے لیے جان قربان کرنے والے قومی ہیروزکی یادگار پر پھول چڑھانے کی تقریب میں شرکت کی۔
یہ تقریب چین کے قومی دن سے ایک دن پہلے، 10ویں یوم شہداء کے موقع پر منعقد کی گئی۔
دیگر رہنماؤں میں لی چھیانگ، ژاؤ لیجی، وانگ ہوننگ، تسائی چھی، ڈنگ شیوشیانگ، لی شی اور ہان ژینگ شامل تھے۔ تقریب میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
صبح 10 بجے تمام شرکاء نے قومی ترانہ گایا اور پھر ان شہداء کو خاموش خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے چینی عوام کی آزادی اور عوامی جمہوریہ چین کی ترقی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔
عوامی ہیروز کی یادگار کے سامنے نو بڑے گلدستے رکھے گئے ۔ صدر شی اور دیگر رہنما یادگار کے دامن تک گئے،جہاں انہوں نے گلدستوں پر فیتے باندھے۔ اس سے پہلے صدرشی کی قیادت میں اعلیٰ عہدیداروں نے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار کا چکر لگایا۔