بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے نوجوان عہدیداروں سے پارٹی کے بنیادی مشن پر قائم رہنے، سخت محنت اور نئے سفر پر اپنی تاریخی کوششوں میں پیش رفت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کا جانشین قرار دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی ) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین ،صدر شی نے ان خیالات کا اظہار سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی سکول میں نوجوان اور درمیانی عمر کے عہدیداروں کے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں دی گئی اہم ہدایات میں کیا۔
صدر شی نے نوجوان عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے نئے نظریات پر اعتماد رکھیں اور انہیں فعال طور پر عملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مارکسی نظریہ کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ کو بڑھانے اور عملی طور پر ان کا اطلاق کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ٹھوس کامیابیاں حاصل کرنی چاہئیں۔
چینی صدرنے کہا کہ انہیں فعال طور پر پارٹی کے ساتھ وفاداری اور ایمانداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اور اپنا سیاسی موقف واضح کرنا چاہیے۔ صدرنے ان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے سیاسی نظم و ضبط اور قواعد کی سختی سے پابندی کریں، ہمیشہ ایماندار رہیں، ٹھوس کام کریں، اور ہر وقت سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے ساتھ اعلی درجے کا اتحاد برقرار رکھیں۔
چینی صدر نے عہدیداروں سے کہا کہ انہیں بے لوث ہونا چاہیے اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے خود کو وقف کرنا چاہیے، ہمیشہ لوگوں کو اولیت دینا چاہیے اور اچھی کارکردگی کا کیا مطلب ہے اس کوصحیح طور سے سمجھنا چاہیے۔