بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ نے نسلی اقلیتی آبادی پرمشتمل ملک کے بڑے علاقوں میں اعلیٰ معیار کی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوششوں پر زوردیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین،صدر شی نے ان خیالات کا اظہار مشرقی صوبے ژے جیانگ کی جنگ ننگ شی خوداختیار کاونٹی کے عوام کے نام اپنے جوابی خط میں کیا۔
1984 میں قائم ہونے والی جنگ ننگ ملک کے شی نسلی گروپ کی واحد خود اختیارکاؤنٹی ہے۔گزشتہ سال کے آخر میں شی نسلی گروپ کی کل آبادی 18ہزار410 نفوس پر مشتمل تھی جو کاؤنٹی کی کل آبادی کا تقریباً 11 فیصد ہے۔
کاؤنٹی کے پارٹی اور سرکاری حکام نے حال ہی میں صدر شی کو ایک خط بھیجا تھا جس میں گزشتہ 40 سالوں میں جنگ ننگ کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے نسلی علاقوں میں مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیاگیا تھا۔