بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے روسی فیڈریشن کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن سے بیجنگ میں ملاقات کی۔
اس موقع پر چینی صدر نے رواں سال روسی صدرپیوٹن سے 2 مرتبہ ملاقاتوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں، قانون ساز اداروں اور سیاسی جماعتوں نے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط اور مستحکم انداز میں فروغ دیا۔
چینی صدر شی نے کہا کہ رواں سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران چین۔ روس نے 200 ارب امریکی ڈالر کے سالانہ تجارتی حجم کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ یہ ہدف دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ طور پر طے کیا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون میں مضبوط لچک اور وسیع امکانات کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین روس تعلقات کو برقرار رکھنا اور فروغ دینا دونوں فریقوں کا دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات کی بنیاد پر کیا جانے والا اسٹریٹجک فیصلہ ہے۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے توقع ظاہر کی کہ چین ۔ روس سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو اعلیٰ سطح کے سیاسی تعلقات کو مسلسل وسیع کرنے ، معاشی و سماجی ترقی کے جامع فروغ و قومی مقاصد کی تجدید کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھنے میں ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔