• Sterling, United States
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر کی زیر صدارت کوویڈ- 19 کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق اجلاستازترین

November 11, 2022

بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدر اورکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کی زیر صدارت سی پی سی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس ہوا،جس میں کوویڈ- 19 کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق رپورٹ کا جائزہ اور اس سلسلے میں کوششوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے 20 اقدامات کا تعین کیا۔شی جن پھنگ نے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ نوول کرونا وائرس اب بھی اپنی شکل تبدیل کررہا ہے، عالمی وبا اب بھی پھیلی ہوئی ہے اور ملک میں یہ وبا بار بار سر اٹھا رہی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ چین، ایک بہت بڑی آبادی والا ملک ہے جہاں صحت کے حوالے سے کمزور گروہوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور اس کی ترقی مختلف خطوں میں غیر متوازن ہے۔ عام طور پر طبی وسائل کی خاطر خواہ فراہمی نہیں اور کچھ خطوں میں وبا کی صورتحال سنگین  ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ  سردیوں اوربہار کے دوران وائرس اور آب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے، وبا کا دائرہ اور پیمانہ مزید پھیل سکتا ہے، جس سے روک تھام اور کنٹرول کے کاموں میں سنگین چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس کے لیے مضبوط اسٹریٹجک عزم کو برقراررکھتے ہوئے  تمام متعلقہ شعبوں میں بہترکام کرنا ہوگاتاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو سائنسی اور ہدف پر مبنی  انداز میں روکا جا سکے۔  اجلاس میں  پارٹی سنٹرل کمیٹی کے فیصلوں اور انتظامات پر مکمل، دیانتداری اور جامع طریقے سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ عوام اور ان کی زندگیوں کو ہر چیز سے بالاتر رکھنے کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک سے آںے والے کیسز اوراندرون ملک وبا کے دوبارہ سراٹھانے کو روکنے کی عمومی حکمت عملی کو پختہ طور پر عملی جامہ پہنانے اور صفر کوویڈ کی متحرک عمومی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وبا کے خلاف  موثر ردعمل، معاشی استحکام اور محفوظ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے، معاشی اور سماجی ترقی کے ساتھ کوویڈ-19 کی روک تھام کی کوششوں کو موثر طریقے سے مربوط کرنا ہوگا، عوام کاتحفظ  اور صحت کی انتہائی حفاظت کرتے ہوئے  معاشی اور سماجی ترقی پر وبا کے اثرات کو کم کرنا ہوگا۔اجلاس میں کہا گیا کہ وائرس کی تیزرفتارمنتقلی کے مطابق کیسز کی جلد تشخیص، رپورٹنگ، قرنطینہ اور علاج کے تقاضوں کو موثر طریقے سے نافذ کرنا ہوگااور فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے، تاکہ وبا کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اہم علاقوں سے وبا کو جلد سے جلد ختم کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں، اس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید پرعزم اور فیصلہ کن اقدامات  کرتے ہوئے  روزمرہ اموراور زندگی کی معمول کی ترتیب کو جلد از جلد بحال کرنا چاہیے۔ کسی بھی محکمے  کو ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھنا چاہیے بلکہ اسے اپنی کوششیں کرنی چاہیئں ۔ کوویڈ-19 ردعمل کو مزید سائنسی بنیادوں پر اور ٹارگٹ کرنے، کوششوں کو موثر بنانے ، خطرات کا درست تجزیہ کرنے اوراٹھائے گئے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مریضوں اور قریبی رابطے میں رہنے والوں کو قرنطینہ کرنے اوران کی منتقلی ، نیوکلک ایسڈ کی جانچ ، طبی عملے کی تعیناتی، طبی خدمات کی فراہمی ،ویکسی نیشن کےانتظام ، کاروباری اداروں اورکیمپسز کو خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر جگہوں پرپھنسے ہوئے لوگوں کو گھر واپسی میں مدد کے لیے  مزید اہداف پر مبنی طریقے اختیار کرنے پرزوردیاگیا۔