جوہانسبرگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے 15 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر سینیگال کے صدر میکی سال سے ملاقات کی ہے۔
چینی صدر نے اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا ہے کہ سینیگال افریقہ میں چین کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مشترکہ کوششوں سے دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں گہرے سیاسی باہمی اعتماد اور نتیجہ خیز تعاون سے فوائد اٹھا ئے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ سینیگال کے قومی استحکام اور ترقی کے تحفظ کی کوششوں کی چین بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس کے علاوہ چین، سینیگال کے ساتھ باہمی تعاون مضبوط بنانے اور صنعت، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل جیسے شعبوں میں تعاون گہرا کرنے، مشترکہ طور پر ترقی کے جائز حق کا تحفظ کرنے اور جامع اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری میں زیادہ سے زیادہ ترقی پر زور دینے کو تیار ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت بین الاقوامی صورتحال گہری اور پیچیدہ تبدیلیوں سے گزررہی ہے ، ایسے میں چین۔ افریقہ یکجہتی اور تعاون مضبوط کرنے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
جنوبی افریقہ ، جوہانسبرگ میں 15 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پھنگ سینیگال کے صدر میکی سال سے ملاقات کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
اس مو قع پر سینیگال کے صدر میکی سال نے کہا کہ سینیگال اور چین اعلیٰ معیار کے جامع اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پھنگ کو افریقہ اور سینیگال کا عظیم دوست قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے خلوص اور دوستی کے جذبے کے تحت بنیادی ڈھانچے، صنعت، زراعت اور تعلیم جیسے وسیع شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیگال ایک چین اصول پر سختی سے کاربند ہے۔ وہ چین کی امن پر مبنی خارجہ پالیسی کو سراہتا ہے اور دوطرفہ و کثیر الجہتی تعاون گہرا کرنے کے لیے چین کے ساتھ ملکر کام کرنے کی امید رکھتا ہے۔