• Columbus, United States
  • |
  • Jun, 30th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی صدر شی کی غیر سی پی سی ارکان کو موسم بہار تہوار کی مبارکبادتازترین

February 08, 2024

بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے غیر سی پی سی سیاسی جماعتوں اور آل چائنہ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس (اے سی ایف آئی سی) کے ارکان، پارٹی سے غیروابستہ شخصیات اور متحدہ محاذ کے دیگر ارکان کو موسم بہار تہوار یا چینی قمری نئے سال سے قبل جشن کی مبارکباد دی۔

چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں غیر سی پی سی ارکان کے ساتھ سالانہ اجتماع میں شرکت کے دوران یہ مبارکباد پیش کی۔

استقبالیہ میں چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہوننگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر چھائی چھی اور ریاستی کونسل کے نائب وزیر اعظم ڈینگ شوئے شیانگ نے بھی شرکت کی۔ یہ تمام کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان ہیں۔

اس موقع پر چینی صدر شی نے کہا کہ 2023 ایک غیر معمولی سال تھا۔ سال بھر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی نے پوری جماعت اور چینی عوام کی قیادت کی کہ وہ 20 ویں سی پی سی قومی کانگریس کے رہنما اصولوں پر مکمل عمل درآمد کریں اور استحکام یقینی بناتے ہوئے ترقی کے عمومی اصول پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے داخلی مشکلات پر قابو پایا، معاشی بحالی اور ترقی کے فروغ کی ہر ممکن کوشش کی اور معاشی و سماجی ترقی کے اہم متوقع اہداف کامیابی سے حاصل کئے۔

چینی صدر شی نے کہا کہ ہم نے ایک اچھا آغاز کیا اور ہماری کوششوں میں بہت سی نمایاں چیزیں شامل ہیں جبکہ انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ سائنس و ٹیکنالوجی  کےاختراعی شعبے میں نئی کامیابیاں ملی ہیں۔

شی نے مزید کہا کہ اس دوران ہم نے قدرتی آفات کے ایک سلسلے کے خلاف مؤثر طریقے سے جوابی اقدامات کیے۔

شی نے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف سی پی سی کی مضبوط قیادت بلکہ غیر سی پی سی سیاسی جماعتوں، اے سی ایف آئی سی اور پارٹی سے غیر وابستہ شخصیات سمیت معاشرے کے تمام شعبوں کی بھرپور اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔