بیجنگ(شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ نے عظیم دیوارکے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنےاوراس کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کومتحرک کرنے کی کوششوں پرزوردیاہے تاکہ آباؤ اجداد کےاس قیمتی ورثے کومستقبل کی نسلوں کو منتقل کیا جا سکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اورمرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین،صدرشی نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ کے شمالی نواحی علاقے بادالنگ میں عظیم دیوارکے دامن میں رہائش پذیردیہاتیوں کو بھیجے گئے اپنے جوابی خط میں کیا۔
یان چھنگ ضلع کے گاؤں شی شیا کے رہائشیوں نے حال ہی میں صدر شی کو ایک خط کے ذریعے عظیم دیوار کی حفاظت اور گاؤں میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں اپنی کوششوں سے آگاہ کیاتھا۔
جوابی خط میں صدر شی نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہے کہ گاؤں کے لوگ عظیم دیوارکی حفاظت اوراس کی ثقافتی وراثت اورخوشحالی کے راستے پر اس کے وسائل پر بھروسہ کرنے کے لیے سالوں سے یہ کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔