بیجنگ(شِنہوا)چین کی نیشنل ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ایڈمنسٹریشن (این ڈی سی پی اے) نے آنے والی یوم مئی کی تعطیل سے قبل وبائی امراض کی روک تھام اور ان پر قابو پانے کے لیے کام کرنے سے متعلق ایک سرکلر جاری کیا ہے۔
سرکلر کے مطابق کوویڈ۔19 کی شدت میں کمی آ گئی ہے تاہم چین میں متعدد دیگر متعدی امراض کی روک تھام اور قابو پانے کے حوالے سے نئے چیلنجز کا سامنا ہے، بعض علاقوں میں زکام کی بیماری بدستورزورپکڑ رہی ہے۔کالی کھانسی اور ہاتھ، پاؤں اور منہ کی بیماری کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
سرکلر میں اس میں صورتحال سے نمٹنے کے لیے سات بڑے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں نگرانی اور پیشگی انتباہ کے نظام میں بہتری لانے، ویکسینیشن کے کام کو بہتر بنانے اور بندرگاہوں، اہم مقامات اور سیاحتی سرگرمیوں کے دوران وبا کی روک تھام اور کنٹرول کے کام کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
این ڈی سی پی اے نے عوام سے بھی کہا ہے کہ وہ وبائی امراض سے بچاؤ اور ان پر قابوپانے کے لیے ذاتی طورپرمناسب اقدامات کریں، کیونکہ تعطیل کے دوران عوامی اجتماعات اورلوگوں کی آمدورفت میں اضافے کی توقع ہے۔