آکلینڈ (شِنہوا) چین کی سیچھوان ایئرلائنز کا ایک طیارہ 200 سے زائد چینی سیاحوں کو لیکر گزشتہ روز آکلینڈ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا جس کے ساتھ ہی چینی شہر چھنگ دو اور نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے درمیان براہ راست پروازیں باضابطہ طور پر بحال ہوگئیں ۔
چینی سیاحوں کا استقبال ہوائی اڈے پر روایتی ماؤری رقص اور گیت کے ساتھ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔ کوویڈ 19 وبائی مرض کی وجہ سے یہ پروازیں گزشتہ 4 برس سے زائد عرصے سے معطل تھیں۔
نیوزی لینڈ میں چینی سفیر وانگ شیاؤلونگ نے اس موقع پر کہا کہ اب دونوں ممالک کے درمیان چھ ایئر لائنز چین کے 7 شہروں سے براہ راست پروازیں چلا رہی ہیں۔
نیوزی لینڈ ، آکلینڈ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چینی شہر چھنگ دو سے آنے والی سیچھوان ایئر لائنز کی براہ راست پرواز کے عملے کا معزز مہمانوں کے ساتھ گروپ فوٹو۔ (شِنہوا)
نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ اور تجارت کے آکلینڈ دفتر کی ڈائریکٹر ریچل میڈمنٹ نے کہا کہ چھنگ دو اور آکلینڈ کے درمیان سیچھوان ایئر لائنز کی پروازوں کا دوبارہ آغاز نیوزی لینڈ۔ چین رابطوں میں ایک مثبت سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھنگ دو اور آکلینڈ کے درمیان اس براہ راست پرواز سے عوام اور ملک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ اس سے سیاحوں اور طلباء کے لئے رابطے قائم کرنا اور تحقیق کرنا آسان ہوجائے گا اور چھنگ دو ۔ آکلینڈ کاروباری اور اقتصادی روابط میں زیادہ ہموار طریقے سے پیشرفت ہوگی۔
سیچھوان ایئر لائنز کے جنرل منیجر ژاؤ فینگ نے شِںہوا کو بتایا کہ فی الوقت چھنگ دو اور آکلینڈ کے درمیان ہفتے میں ایک براہ راست پرواز چلائی جائے گی۔ فضائی کمپنی نیوزی لینڈ کی مارکیٹ میں مسافروں کی طلب پر گہری توجہ دے گی، چین کے موسم سرما کے دوران مزید پروازوں کا اضافہ کیا جائے گا اور بتدریج اوقیانوسیہ خطے میں روٹ تو بہتر بنایا جائے گا۔