نیو یارک(شِنہوا)واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ سے مسلسل رابطے سے نوجوانوں پر پڑنے والے مضر اثرات کے ثبوت ملنے کے پیش نظر امریکہ کی کئی ریاستوں اور اضلاع میں سکول واپس آنے والے طالب علموں کو موبائل فون کے استعمال پر سخت اور واضح پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ملک کے دوسرے سب سے بڑے ضلع لاس اینجلس میں سکول بورڈ نے جون میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق نیواڈا کی کلارک کاؤنٹی میں مڈل اور ہائی سکولوں کے طالب علم اس موسم خزاں سے دن کے اوقات میں مو بائل فون پاؤچ میں رکھیں گے۔انڈیانا، لوزیانا، جنوبی کیرولائنا اور فلوریڈا سمیت کئی ریاستوں نے تعلیمی سال کے دوران موبائل فون تک رسائی کو محدود کرنے کے لیے قانون سازی کی ہے۔ورجینیا سمیت کم از کم تین دیگر ریاستوں کے گورنرز نے سکولوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان آلات کو محدود یا ممنوع قرار دیں۔ دیگر ریاستوں نے پابندیوں کی پالیسیوں کی حمایت کے لئے مالی اعانت فراہم کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے 20 سب سے بڑے سکول ڈسٹرکٹس میں سے کم از کم 7 نے سکول کے اوقات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے یا ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ کم از کم دیگر7 نے اہم پابندیاں عائد کی ہیں جن میں کلاس کے اوقات کے دوران استعمال پر پابندی جبکہ دوپہر کے کھانے کے دوران یا کلاسوں کے وقفے کے دوران فون کے استعمال کی اجازت دینا شامل ہے ۔