ہیفے(شِنہوا) چین کے صوبے آنہوئی کے شہر ہوائی بی میں 6لاکھ ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت کے حامل دنیا کے سب سے بڑے ایتھنول پیداواری پلانٹ کو آزمائشی طور پر چلادیا گیا۔
یہ پلانٹ کوک اوون گیس کو ایتھنول میں تبدیل کر سکتا ہے، جس سے کوئلے کی اضافی قدر میں بڑا اضافہ ہوگا اور اسٹیل اور پیٹرو کیمیکل صنعتوں کی کم کاربن ترقی کے لیے ایک قابل عمل طریقہ کار فراہم ہوگا۔
چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے ذیلی ادارے دالیان انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل فزکس (ڈی آئی سی پی) اور شانشی یانچھانگ پیٹرولیم (گروپ) کمپنی کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کردہ جدید ٹیکنالوجی کا حامل پلانٹ ہوائی بی کان کنی گروپ کے ذیلی ادارے تان شن ٹیکنالوجی کمپنی نے بنایا ہے۔
ایتھنول ایک بہترین پٹرول ایڈیٹیو اور ایک اہم بنیادی کیمیکل ہے۔ یہ بنیادی طور پر امریکہ، برازیل، اور دیگر ممالک میں اناج اور گنے جیسی فصلوں کے خام مال سے تیار اور فیول ایتھنول کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔