سڈنی(شِنہوا) آسٹریلوی محققین کی سربراہی میں کی گئی ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں تین گھنٹے تک ویڈیو گیمز کھیلنے سے آنکھوں کی تھکاوٹ سمیت ہاتھ یا کلائی اور کمر یا گردن میں درد جیسے جسمانی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ سائنسدانوں نے آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ کے 18 سے 94 سال کی عمر کے 955 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جنہوں نے 2022 میں کیے گئے بین الاقوامی گیمنگ کے اس مطالعہ میں حصہ لیاتھا۔
کمپیوٹرز ان ہیومن بی ہیوئیرنامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، تحقیقی ٹیم نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران مسلسل گیم کھیلنے اور صحت کے مسائل کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔
اس تحقیق کے شریک مصنف اور کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے سینئر ریسرچ فیلوڈینیل تجیپانوک نے کہا کہ تحقیق کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ عمر یا جنس سے قطع نظر، جو لوگ مسلسل تین یا اس سے زیادہ گھنٹے تک ویڈیو گیمز کھیلتے تھے، ان کی آنکھوں میں تھکاوٹ اور کلائی، ہاتھ، کمر اور گردن میں درد ہونے کا امکان ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ پایا گیاجو تین گھنٹے سے کم ویڈیو گیمزکھیلتے تھے۔