ماسکو(شِنہوا)روس نے کہا ہے کہ فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی رکنیت کے خلاف ووٹ دینے کے بعد امریکہ نے خودکودنیا میں تقریباً مکمل طور پر تنہاکرلیا ہے۔ امریکہ نے جنرل اسمبلی سے فلسطین کواقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی سفارش پرمبنی قرارداد کوسلامتی کونسل میں ویٹو کر دیا تھا۔ برطانیہ اورسوئٹزرلینڈ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جبکہ سلامتی کونسل کے باقی ارکان نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیا۔ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویزلے نبینزیانے کہا کہ آج عالمی برادری کی اکثریت اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے لیے فلسطین کی درخواست کی حمایت کررہی ہے۔ فلسطینی شہریوں کے مصائب دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے دلوں اور روحوں میں گونج رہے ہیں۔ روسی نمائندے نے کہا کہ آج امریکہ کی جانب سے ویٹو کا استعمال تاریخ کے ناگزیر عمل کو روکنے کی ایک بے سود کوشش ہے۔ رائے شماری کے نتائج خود بول رہے ہیں کہ واشنگٹن باقی دنیا سے تقریباً مکمل طور پر الگ تھلگ ہوگیا ہے۔