بیجنگ (شِنہوا)چینی حکومت کا دوستی ایوارڈ 2023 جیتنے والے ماہرین نے کہا کہ چین ایک متحرک ملک ہے جہاں مواقع بھرپور ہیں جبکہ چین غیر ملکی باصلاحیت افراد کو کام کرنے اور انہیں کامیابی حاصل کرنے کا وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ایک ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی جس میں 26 ممالک کے 50 غیر ملکی ماہرین کو چینی اصلاحات اور ترقی میں ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 1991 سے شروع ہونے والی تقریب میں اب تک 80 سے زیادہ ممالک اور خطوں کے تقریباً 1 ہزار 900 غیرملکیوں کو اعزاز سے نوازا جاچکا ہے۔
صوبہ حئی لونگ جیانگ کے دا چھنگ آپتھالمولوجی ہسپتال میں کام کرنے والے قازق ماہر امراض چشم سہیل بیگ قابیل بیکوف 2023 کے ایوارڈ کے وصول کنندگان میں شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 برس میں انہوں نے 2 لاکھ سے زائد چینی مریضوں کے امراض چشم کا علاج کیا ہے اس دوران انہیں حئی لونگ جیانگ اور چین سے گہرا لگاؤ رہا ہے۔
قابیل بیکوف نے کہا کہ یہ میرے لئے یادگار لمحہ ہے کیونکہ مجھے چینی حکومت کے دوستی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جو میرے کام کے اعتراف سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ چین ۔ قازقستان دوستی کی تصدیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چینی مریضوں کی خدمت کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی میں اپنا نیا کردار نبھانے کو تیار ہیں۔
ناروے کے ماہر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل ایرک سولہیم نے کہا کہ انہوں نے ان برسوں میں ماحولیاتی تہذیب کی تعمیر میں چین کی عظیم کامیابیاں دیکھیں۔ یہ ایوارڈ عالمی چیلنجزکا مقابلہ کرنے والے ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔