• Columbus, United States
  • |
  • Jun, 26th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی بیکری اسرائیلی حملے میں تباہ، 10 افراد جاں بحقتازترین

October 25, 2023

غزہ(شِنہوا) اسرائیل کے ایک جنگی طیارے نے بدھ کے روزغزہ میں ایک بیکری پر حملہ کیا جسے حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایجنسی کی جانب سے آٹا فراہم کیا گیا تھا۔

غزہ میں حماس کے زیرانتظام سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے شِنہوا کو بھیجے گئے ایک پریس بیان میں کہا کہ وسطی غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ میں واحد بیکری پر حملہ کیا گیا جسےفلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (یو این آر ڈبلیو اے)کی جانب سے آٹا فراہم کیا جاتا تھا۔

سلامہ معروف نے کہا کہ اسرائیلی حملے نے بیکری کو مکمل طور پر تباہ اور آس پاس کے کئی گھروں کو منہدم کر دیا جس سے 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

سلامہ معروف  نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جان بوجھ کر بیکریوں اور بازاروں کے سامنے آبادیوں کو نشانہ بنانا اس کے نئے جرم کا ثبوت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسرائیل محاصرے کے تحت غزہ کے لوگوں کی تباہ کن انسانی صورتحال کو مزید بڑھاوا دینے اور انہیں تمام بنیادی ضروریات زندگی تک رسائی سے روکنا چاہتا ہے۔

 فی الحال یو این آر ڈبلیو اے کی طرف سے مقررکردہ 24 بیکریوں میں سے صرف چار فعال ہیں اور پناہ گاہوں کو روٹی فراہم کر رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کی تنظیموں نے کہا کہ اگرامداد مہیا نہ کی گئی تو زیادہ تر بیکریاں چند دنوں میں بند ہو سکتی ہیں۔

یو این آر ڈبلیو اے نے اطلاع دی ہے کہ بہت سے  بے گھر افراد  خوراک کی قلت سے نمٹنے کی حکمت عملی کے طور پر دن میں ایک وقت کا کھانا کھاتے ہیں۔

حماس کے عسکریت پسندوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اچانک حملہ کرتے ہوئے ہزاروں راکٹ فائر کیے اور اسرائیلی علاقے میں دراندازی کی جہاں انہوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو پکڑ کریرغمال بنا لیا۔

اس کے جواب میں اسرائیل نے بڑے پیمانے پر فضائی حملے اوربندشی اقدامات شروع کیے جن میں پانی، بجلی، ایندھن اور دیگر ضروریات کی فراہمی منقطع کر کے انکلیو کا محاصرہ بھی شامل تھا۔

تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جاری تنازعہ میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار 546 ہو گئی اور17 ہزار 439 افراد زخمی ہوئے جبکہ اسرائیل میں کم سےکم1400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔