غزہ/یروشلم/تہران/اقوام متحدہ(شِنہوا)اسرائیل اورفلسطین تنازعہ کے دوران غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں 687 فلسطینی جاں بحق اور 3 ہزار 726 زخمی ہو گئےہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی سے ملحقہ اسرائیلی قصبوں پر اچانک حملہ کیا جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر جوابی حملے شروع کر دیے۔
حملےکے دوران حماس کے عسکریت پسندوں نے غزہ کی پٹی کو اسرائیل سے الگ کرنے والی حفاظتی باڑ کو توڑ دیا اور قریبی آبادیوں پر حملہ کر کے اسرائیلیوں کو ہلاک اور گرفتار کر لیا۔
اسرائیل کے سرکاری ٹی وی کان کے مطابق اسرائیل کے جنوبی علاقے پر حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 900 سے تجاوزکرگئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا کہ اس کے پاس حماس کے عسکریت پسندوں کی تقریباً 1500 لاشیں ہیں جو حماس کے ساتھ تباہ کن لڑائی کے چوتھے دن اسرائیل سے ملی ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے بین الاقوامی ترجمان رچرڈ ہیچٹ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی کے ارد گرد اسرائیل میں حماس (عسکریت پسندوں) کی تقریباً 1500 لاشیں ملی ہیں۔
رچرڈ ہیچٹ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے غزہ کے ارد گرد حفاظتی باڑ کے علاقے پر کم و بیش دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے جسے حماس کے عسکریت پسندوں نے ہفتے کے روز توڑا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی فلسطینی انکلیو کے آس پاس کے علاقے میں 35 بٹالین تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحد سے ملحقہ آبادیوں سے مکینوں کا انخلا تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
اسرائیل کے سرکاری میڈیا اور انکلیو میں مسلح گروپوں کے مطابق اسرائیل میں کم از کم 900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ غزہ میں تقریباً 130 اسرائیلی شہری اور فوجی یرغمال ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نےکہا ہے کہ وہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کی اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔
ایرانی مشن نے ایک بیان میں کہا اسکے باوجود ایران فلسطینی قوم کے ساتھ غیر متزلزل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے حالیہ فیصلوں اور اقدامات کی عوام کے حق خود ارادیت کے بنیادی اصول میں مضبوط جڑیں موجودہیں اور حالیہ فلسطینی کارروائی اسرائیل کے سات دہائیوں کے ظالمانہ قبضے کے خلاف مکمل طور پر جائز ردعمل ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر(اوسی ایچ اے) نے کہا ہے کہ جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔
رابطہ دفترکے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری سے غزہ شہر میں چار بڑے رہائشی ٹاورزسمیت مکانات اور اپارٹمنٹس کی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ اسکے علاوہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والے چھ کارکن جا ں بحق اور چار زخمی ہوئے ہیں اور سات صحت کی سہولیات اور نو ایمبولینسوں کوبھی نقصان پہنچا ہے۔