بانجول(شِنہوا)گیمبیامیں امریکہ میں قائم ایک دوا ساز کمپنی کے برآمد کردہ آلودہ شربت سے کم از کم 69بچوں کی موت ہو گئی ہے، امریکی دوا ساز کمپنی نے گیمبیا کو دوا کی کم از کم 50ہزار بوتلیں برآمد کی تھیں۔
گیمبیا کی پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں قائم اٹلانٹک فارماسیوٹیکل کمپنی کو افریقی ملک میں ادویات اور متعلقہ طبی مصنوعات برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق میڈیسن کنٹرول ایجنسی کی جانب سے بچوں کے آلودہ شربت کی 50 ہزار بوتلوں میں سے 41 ہزار 462 بوتلیں قرنطینہ / ضبط کی گئی ہے جبکہ 8 ہزار 538 بوتلوں کے بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
گیمبیا کے صدر کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پولیس نے ملک کی میڈیسن کنٹرول ایجنسی کے متعلقہ حکام سے بچوں کی موت کا باعث بننے والی ان ادویات کی منظوری سے متعلق امور پر پوچھ گچھ کی تھی۔
عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے ایک الرٹ جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ گیمبیا میں متعدد اموات کا باعث بننے والی ادویات ایک ہندوستانی کمپنی میڈن فارماسیوٹیکل لمیٹڈ نے تیار کی تھیں۔