غزہ(شِنہوا) حماس کے قریبی فلسطینی ذرائع نے کہا ہے کہ حماس کا اسرائیل کیساتھ جلدجنگ بندی معاہدے کا امکان نہیں ہے جبکہ یہ بیان امریکہ کے اس حوالے سے پر امید بیانات کے برعکس ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بارے میں کوئی واضح موقف فراہم کیے بغیر ثالثی کی چالیں چل رہا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ حماس غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی شرائط ترک نہیں کرے گی۔ حماس ایک حقیقی جنگ بندی معاہدے تک پہنچنا چاہتی ہے جس سے اسرائیلی جنگ کا خاتمہ ہو، بے گھر افراد کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت ملے، جنگ زدہ ساحلی علاقوں کی تعمیر نو ہو اور قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہو۔
ذرائع نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بارے میں غلط بیانات جاری کر رہا ہے تاکہ وہ صدارتی انتخابات کے پروپیگنڈے کو پورا کر سکے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکا غزہ کی جنگ میں اسرائیل کا اہم شراکت دار ہے جو غزہ میں جنگ کے خاتمے سے روکنے کے لیے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی اور سیاسی تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ کسی کو امریکا کے بیانات پر اعتبار نہیں کرناچاہیے۔