سیول(شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) نے ملک کی 75 ویں سالگرہ سے قبل پہلی ٹیکٹیکل حملہ آورایٹمی آبدوزسمندر میں اتار دی ہے۔
کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے جمعہ کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ حکمران ورکرز پارٹی آف کوریا (ڈبلیو پی کے) کے مرکزی فوجی کمیشن کے حکم کے تحت اپنی نوعیت کی پہلی نمبر 841 آبدوز، کورین پیپلزآرمی بحریہ کے مشرقی سمندری بیڑے سے منسلک آبدوز سکواڈرن میں منتقل کر دی گئی ہے جسے "ہیرو کم کن اوک" کا نام دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم کن اوک کو ملک کی بحری فوج کی پہلی نسل کے ہیرو کمانڈنگ آفیسر کے طور پر بہت عزت دی جاتی ہے۔ ڈبلیو پی کے کے جنرل سکرٹری اور ڈی پی آر کے کے ریاستی امورکے صدر کم جونگ ان نے بدھ کو ہونے والی لانچنگ تقریب میں کہا کہ نئی تعمیر شدہ آبدوز ڈی پی آر کے کی بحریہ کے "بنیادی زیر آب جارحانہ ذرائع میں سے ایک" کے طور پر اپنا جنگی مشن انجام دے گی۔