صنعا(شِنہوا) یمن کے شمال مغربی صوبے الماوت میں سیلاب سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے۔
24 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہنے والی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں الماوت صوبے میں سیلاب آیا، جس سے ضلع ملحان میں تین ڈیم منہدم ہوگئے اور درجنوں مکانات بہہ گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں کیونکہ کئی دیہاتی تاحال لاپتہ ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں شمالی صوبوں الحدیدہ اور حجہ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 45 افراد ہلاک ہوئے اور 12 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔
عالمی ادارہ صحت نے جنگ زدہ ملک یمن میں برسات کے موسم میں آلودہ پانی اور ناقص صفائی ستھرائی کی وجہ سے بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔