بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ یوکرین بحران ختم کرنے اور امن بات چیت میں پیشرفت کے لیے مزید ممالک کے مشترکہ تعمیری کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے یہ بات یومیہ بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی جس میں ان سے یوکرین بحران کے سیاسی حل پر چین ۔ برازیل مشترکہ تفہیم سے متعلق پوچھا گیا تھا۔
وانگ نے کہا کہ چین کے اعلیٰ سفارت کاروزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں برازیل کے صدر کے خصوصی مشیر سے ملاقات کی جس میں انہوں نے یوکرین بحران پر تفصیلی بات چیت کی اور 6 مشترکہ نکات پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ 6 نکات پر اتفاق رائے نہ صرف چین اور برازیل کے مشترکہ موقف بلکہ یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے میں پیشرفت کے لئے وسیع پیمانے پر عالمی برادری کی تشویش اور اس کی حقیقی خواہش کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یوکرین بحران تیسرے سال میں داخل ہوچکا ہے اور لڑائی رکنے کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔ وسیع پیمانے پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ اولین ترجیح صورتحال کو ٹھنڈا کرنا اور جنگ بندی کے حالات پیدا کرنا ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین اور برازیل سمیت کئی ترقی پذیر ممالک نے یوکرین بحران پر ایک معروضی اور منصفانہ موقف اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ ان تمام ممالک کی رائے ہے کہ بات چیت ہی بحران سے نکلنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئے مشترکہ مفاہمت چین اور برازیل نے مشترکہ طور پر شروع کی ہے۔
ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ مشترکہ افہام و تفہیم کی حمایت اور مشترکہ طور پر صورتحال بہتر بنانے اور امن کے لیے مذاکرات میں پیشرفت کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے پر چین ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کا خیرمقدم کرے گا۔