بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے سربراہ ژینگ شان جی نے کہا ہے کہ یورپی یونین کا چینی الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد ات پر اضافی ٹیکس لگانے کا منصوبہ دونوں فریقین کے لئے نقصان ہے۔
چین کی نئی توانائی کی صنعت میں "زائد گنجائش " کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے ژینگ نے اسے مارکیٹ اصول اور عام سمجھ بوجھ کے منافی قرار دیا۔
ژینگ نے چین ۔ جرمنی موسمیاتی تبدیلی اور ماحول دوست منتقلی پر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چینی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ سے متعلق چین تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
ژینگ نے کہا کہ چین کی نئی توانائی صنعت میں ترقی ٹیکنالوجی، مارکیٹ اور صنعتی چینز میں فوائد کی بدولت ہوئی ہے جو سبسڈی یا غیر منصفانہ طریقوں کے بجائے مارکیٹ مسابقت کا نتیجہ ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین کی نئی توانائی گاڑیوں میں گنجائش کے استعمال کی شرح نسبتاََ بلند سطح پر ہے ،زیادہ ترمصنوعات مقامی طور پر فروخت ہوتی ہیں اور پیداوار کا صرف 12.5 فیصد برآمد کیا جاتا ہے۔
حالیہ برسوں میں چین اپنے اعلیٰ معیار کے کھلے پن میں اضافہ کیا جس کے بعد کئی غیر ملکی آٹومیکرز نے چین میں اپنی سرمایہ کاری بڑھادی ہے۔