• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 5th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

یورپی یونین کی برانڈی پر چین کی اینٹی ڈمپنگ تحقیقات کسی ملک کے خلاف نہیں، وزیرتجارتتازترین

April 09, 2024

پیرس (شِنہوا) چین کے وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے کہا ہے کہ یورپی یونین (ای یو) سے درآمد کردہ برانڈی سے متعلق چین کی اینٹی ڈمپنگ تحقیقات، مقامی برانڈی کی صنعت کی جانب سے درج شکایت پر ہورہی ہے تاہم اس کا نشانہ نہ تو یورپی یونین کا کوئی خاص ملک ہے اور نہ اس کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین تمام شراکت داروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہوئے چینی قانون اور عالمی تجارتی تنظیم قوانین کے تحت کھلی اور شفاف تحقیقات کرے گا۔

وانگ نے ان خیالات کا اظہار تین فرانسیسی برانڈی ٹریڈ ایسوسی ایشنز اور برانڈی تیار کرنے والی  پانچ فرانسیسی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔  ملاقات کرنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ تحقیقاتی عمل میں چین کے ساتھ تعاون کرنے اور چینی مارکیٹ میں اپنے کاروبار میں توسیع دینے کو تیار ہیں۔

چین نے ایک شکایت پر جنوری میں یورپی یونین سے درآمد شدہ شراب پر اینٹی ڈمپنگ تحقیقات شروع کی تھیں ۔ یہ شکایت مقامی صنعت کی جانب چائنہ الکوحلک ڈرنکس ایسوسی ایشن نے درج کرائی تھی۔

اینٹی ڈمپنگ تحقیقات میں یکم اکتوبر 2022 سے 30 ستمبر 2023 تک 200 لیٹر سے کم درآمدی کنٹینرز میں یورپی یونین کی تیار کردہ برانڈی کا جائزہ لیا جائے گا۔ توقع ہے کہ تحقیقات 5 جنوری 2025 سے قبل ختم ہوجائیں گی تاہم خصوصی حالات میں انہیں 6 ماہ بڑھایا جاسکتا ہے۔

چینی وزیر نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ 2024 چین ۔ فرانس سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اقتصادی اور تجارتی تعاون کے وسیع امکانات رکھتے ہیں اور چین دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں مستحکم ترقی کے فروغ میں فرانسیسی کاروباری برادری کے ساتھ تعاون مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

وانگ نے چینی مارکیٹ میں فرانسیسی کمپنیوں کی فعال شرکت اور چین کی ترقی میں مواقع کے اشتراک کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چین کو کھپت کے وسیع امکانات کے ساتھ ایک بڑی مارکیٹ کا درجہ حاصل ہے  جبکہ 2024 کھپت کے فروغ کا سال قرار دیا گیا ہے جس سے معیاری درآمدی مصنوعات کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔