بیجنگ(شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے کہاہے کہ وہ یورپی یونین کی درآمدی ڈیری مصنوعات پر سبسڈی کی تحقیقات میں اپنے ملکی قوانین اورضوابط کی بنیاد پرعالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او) کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے کھلے اورشفاف طریقہ کارکو اپنائے گا۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزارت تجارت کے ترجمان ہی یاڈونگ نےاس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ تحقیقات یورپی کمیشن کی چینی الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں سبسڈی مخالف تحقیقات سے یکسر مختلف ہے،کیوں کہ یہ چین کی متعلقہ صنعت کی درخواست پر شروع کی گئی جبکہ یورپی کمیشن کی تحقیقات کے لیے یورپی یونین کے کسی رکن ملک یا صنعتی ادارے نے مطالبہ نہیں کیاتھا۔
چین نے گزشتہ روز یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی بعض ڈیری مصنوعات پرسبسڈی کی تحقیقات شروع کی تھیں،جس کے لیے جولائی میں ملک کی ڈیری ایسوسی ایشن اور چائنہ ڈیری انڈسٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ متعلقہ چینی قوانین و ضوابط اور ڈبلیو ٹی او کے قواعد کے مطابق، ملکی صنعت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ غیر موافق تجارتی اقدامات کے خلاف درخواست دائرکریں تاکہ مارکیٹ میں مسابقت کے معمول کو برقرار اور اپنے جائز حقوق کی حفاظت کی جا سکے۔