گراناڈا، اسپین(شِنہوا) یورپی یونین (ای یو) کے رکن ممالک کے رہنماؤں کا جمعہ کویہاں غیر رسمی سربراہی اجلاس ہوا جس میں بلاک کی مستقبل کی حکمت عملی اور توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای یوکونسل کی ہسپانوی پریذیڈنسی کے مطابق مستقبل کا اسٹریٹجک ایجنڈا 2024-2029 اور بلاک کی آئندہ ہونے والی توسیع کے لیے تیاریوں پربات چیت کی گئی۔
یورپی یونین کی توسیع ایک ایسا عمل ہے جس کے تحت ممالک سیاسی اور معاشی شرائط پورا کرنے کے بعد 27 ملکی بلاک میں شامل ہوتے ہیں۔ فی الحال، آٹھ ممالک، بشمول مغربی بلقان، یوکرین اورمالدوواکو امیدوار کا درجہ دیا گیا ہے۔ یورپی یونین کونسل کی چھ ماہ کی گردشی صدارت اس وقت اسپین کے پاس ہے۔اسپین کے قائم مقام وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ ان کا ملک توسیع کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے، لیکن ان نئے اراکین کو شامل کرنے سے "اندرونی طور پر بہت سے چیلنجز" سامنے آئیں گے۔