شنگھائی (شِنہوا) جے پی مورگن کے چیف چائنہ اکانومسٹ ژو بائی بن کے تازہ تخمینہ کے مطابق 2024 میں چین کی معیشت 5.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی جو ان کے گزشتہ اندازے 4.9 فیصد کی مقابلے میں زائد ہے۔
ماہر اقتصادیات نے شنگھائی میں جے پی مورگن گلوبل چائنہ سمٹ میں اپنے تازہ ترین اندازے کا اعلان کیا۔
ژو نے کہا کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ برس کی نسبت 5.3 فیصد شرح نمو مارکیٹ توقعات سے تجاوزکرگئی ہے اور سال کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں چینی معیشت کی تین اہم خصوصیات نمایاں رہیں ۔ ان میں صنعتی قدر میں گزشتہ برس کی نسبت اضافہ ہوا جس نے ملک کی مجموعی معاشی ترقی پرمثبت اثر ڈالا۔ اس کے ساتھ چین کی برآمدی مصنوعات اور ان کی منزلیں بھی مختلف رہیں جبکہ اس کے علاوہ نئی ٹیکنالوجی اور صنعتیں معاشی پیشرفت میں محرک بن کر ابھریں۔
ژو نے توقع ظاہر کی کہ چینی کرنسی رین من بی کی شرح تبادلہ سال بھر بڑی حد تک مستحکم رہے گی۔ اگرچہ یوآن کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں قلیل مدتی گراوٹ کے دباؤ کا سامنا ہے تاہم اس پر یہ دباؤ کم ہوجائے گا کیونکہ رواں سال کی دوسری ششماہی میں امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں کمی کا ارادہ رکھتا ہے۔