• Columbus, United States
  • |
  • Aug, 6th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

جاپان کے جوہری آلودہ پانی کےسمندر میں اخراج سے انسانی صحت اور عالمی ماحولیاتی نظام کو خطرہ ہے:پاکستانی ماہرتازترین

August 25, 2023

اسلام آباد(شِنہوا)جاپان کے جوہری آلودہ پانی کو سمندر میں پھینکنے کے خودغرضی اور غیر ذمہ داری پر مبنی رویے سے انسانی صحت اور عالمی ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچے گا۔

اسلام آباد میں قائم سینٹر فارساؤتھ ایشیا اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمود الحسن خان نےشِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سمندر میں  جوہری آلودہ پانی کا اخراج میری ٹائم سیکیورٹی، بلیو اکانومی، اوشین گرافی، حیاتیاتی تنوع اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا اور خطے اور اس سے باہر تابکاری کے خطرے کو بڑھا دے گا۔

جاپان نے اندرون اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر مذمت کے باوجود جمعرات کو تباہ شدہ فوکوشیما ڈائیچی نیوکلیئر پاور پلانٹ سے جوہری آلودہ پانی کو بحرالکاہل میں خارج کرنا شروع کیا۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرنے کہا کہ یہ خدشہ ہے کہ جاپان کے اس طرح کے جان بوجھ کراٹھائے گئے اقدام سے تمام علاقائی ممالک کے لیے علاقائی سلامتی کا خطرہ پیدا ہو جائے گا، اس لیے یہ ان کا حق ہے کہ جوہری آلودہ پانی کو سمندر میں ٹھکانے لگانے سے پہلے مناسب طریقے سے مشاورت، تعاون اور ہم آہنگی  یقینی بنائی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ اس سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ پانی میں اب بھی تابکار عناصر موجود ہوں گے جو ماحول کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتا ہے اور صحت سے متعلق منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے اس لیے جوہری آلودہ پانی کو چھوڑنے کا جاپانی طریقہ خطرات سے بھرا ہوا ہے۔

 جاپان کے اندر سے ہونے والی تنقید اور ملک کی ماہی گیری کی صنعت کی جانب سے تابکاری زدہ پانی کے اخراج کے حوالے سے ظاہر کیے گئے خدشات کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمود الحسن خان نے کہا کہ یہ ملک کی قیادت کے فیصلے کو کہیں زیادہ متنازع بناتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ مقامی لوگ اس بارے میں فکر مند ہیں کہ اس اقدام سے جاپانی عوامی  تشخص کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عوامی رائے کو دیکھتے ہوئے واضح طور پر جاپان اپنے ماہی گیروں اور شہریوں کے مفادات اور بحرالکاہل کے ماحولیاتی نظام پر غور نہیں کر رہا ہے اور جاپان پیسہ بچانے کے لیے بہت سے لوگوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔