سیول (شِنہوا) جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی پانیوں میں ممکنہ طور پر 14 ارب بیرل خام تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر موجود ہیں۔
یون نے ٹیلی ویژن پر نشر پریس بریفنگ میں بتایا کہ ارضیاتی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ دارالحکومت سیول سے تقریبا 260 کلومیٹر جنوب مشرق میں پوہانگ کی خلیج یونگل میں بڑے پیمانے پر تیل و گیس کے ذخائر موجود ہیں۔
تیل و گیس کی تلاش گزشتہ برس فروری میں اس امید کے ساتھ شروع کی گئی تھی کہ مشرقی پانیوں میں موجود گیس فیلڈز کے گردونواح میں مزید تیل و گیس کے ذخائر ہوسکتے ہیں۔ اس مقام سے 1990 کی دہائی کے اختتام پر 4 کروڑ 50 لاکھ بیرل قدرتی گیس کے ذخائر ملے تھے جو 2021 کے اختتام تک تجارتی بنیادوں پر نکالے جانے کے بعد ختم ہوگئے۔
جنوبی کوریا کے صدر نے کہا کہ اس کھوج کے دوران 14 ارب بیرل تیل و گیس کے ذخائر موجود ہونے کی نشان دہی ہوئی ہے۔ یہ دریافت جنوبی کوریا کی 29 سال تک قدرتی گیس اور 4 سال تک خام تیل کی ضرورت پوری کرسکتی ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے وزارت تجارت، صنعت اور توانائی کو ڈرلنگ منصوبے کی منظوری دیدی ہے توقع ہے کہ ابتدائی نتائج کا اعلان اگلے سال کی پہلی ششماہی میں کردیا جائے گا۔