بیجنگ(شِنہوا) جرمنی کی معروف سائنس اور ٹیکنالوجی کمپنی مرک گروپ میں ہیلتھ کیئر کے سی ای او پیٹر گوئنٹر نے کہا ہے کہ چین دنیا میں دوا سازی کی دوسری بہت اہم مارکیٹ ہے اورایک ایسی مارکیٹ ہے جس میں ہمیں موجودگی یقینی بناتے ہوئے کامیاب ہونا ہے۔
شِنہوا کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہما ری کمپنی کیلئے بہت اہمیت اور بے شمار مواقعوں کا حامل ملک ہے،انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ مرک مستقبل میں چین میں زیادہ سرمایہ کاری کر ے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کی بڑی مارکیٹ میں کمپنی نے گزشتہ 10 سالوں میں تقریبا 6ارب یوان (تقریباََ84کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ چینی پالیسی ساز سمجھتے ہیں کہ ایک متحرک جدید ماحولیاتی نظام کیسے تخلیق کیا جائے۔
گزشتہ ہفتے بوآو فورم فار ایشیا کے گلوبل ہیلتھ فورم میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ آنے والی دہائیوں میں مریضوں کے علاج کے لیے اگلی نسل کی بہت سی جدید ادویات چینی تحقیقی لیبارٹریوں میں تیار ہوں گی۔
ا نہوں نے کہا کہ ہم نے چین میں سرمایہ کاری کے لئے املاک دانش کے تحفظ، فنڈنگ اور ترغیبات کی ضرورت کو سمجھا ہے، کمپنی کے پاس مکمل ویلیو چینز ہیں جس میں چین میں اس کی فیکٹری بھی شامل ہے جس میں بہت ساری مقامی مینوفیکچرنگ ہوتی ہے۔
گوئنٹر نے کہا کہ آگے بڑھتے ہوئے کمپنی اپنے وسائل کا 50 فیصد عالمی اور چینی بایوٹیک کمپنیوں جیسے ابسکو تھراپیوٹکس کے ساتھ شراکت داری پر خرچ کرنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ ممکنہ تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کی جاسکے اور کچھ امید افزا مصنوعات کی مدد کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری وابستگی واضح ہے۔ ہم ترقی کرتے رہیں گے اور ہم ملک میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس سے چینی مریضوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا۔