اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے جزیرہ نما کوریا کے تمام فریقین سے کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بننے والے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نےعوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) میں انسانی حقوق کے معاملے پر سلامتی کونسل کی بریفنگ میں جزیرہ نما میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے متحدہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام فریقوں کے لیے یہ ترجیح ہونی چاہیے کہ وہ پرسکون رہیں، تحمل سے کام لیں، اور سوچ سمجھ کر بات کریں۔ گینگ نے سلامتی کونسل کے ڈی پی آر کے میں انسانی حقوق کے مسائل پر گہری نظر رکھنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پہلے سے نازک صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر واضح طور پر کہتا ہے کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنا سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ چین کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سلامتی کونسل مناسب پلیٹ فارم نہیں اور اسے کسی ملک کے انسانی حقوق کے مخصوص مسائل میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔