بیجنگ(شِنہوا)چین نے کہا ہے کہ وہ جزیرہ نما کوریا میں امن واستحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم اور لفظی یا عملی اقدام سے کشیدگی میں اضافے کی مخالفت کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو روزانہ کی پریس بریفنگ میں جنوبی کوریا کی جانب سے عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے ساتھ 19 ستمبر کے فوجی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی تک مکمل طور پر معطل کرنے کے فیصلے کے جواب میں کیا، جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا دونوں ممالک کے درمیان زمینی، سمندری اور فضائی بفر زون میں مشقیں اورفوجی تربیت دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
چینی ترجمان نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنا تمام متعلقہ فریقوں کے مشترکہ مفاد میں ہے اوریہ کہ حالیہ دنوں میں جزیرہ نما کے حالات کشیدہ اور متعلقہ فریقین کے درمیان تصادم میں شدت آئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کو موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔