غزہ(شِنہوا) غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 6 بچوں اور 4خواتین سمیت کم از کم 14 فلسطینی جاں بحق اور 36 دیگر زخمی ہو گئے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق شہر کے ناصر میڈیکل کمپلیکس کی جانب سے زخمیوں اور مریضوں کے لیے خون کی شدید کمی کے پیش نظر خون کا فوری عطیہ کرنے کی اپیل کی گئی ۔
فلسطینی سرکاری خبر ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے فوری طور پر انخلا کے احکامات جاری کرنے کے بعد خان یونس کے مشرقی علاقے پر شدید بمباری کی جس سے مشرقی علاقوں سے شہر کے مغرب بالخصوص المواسی کی طرف لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے پیر کی صبح ایک بیان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے خان یونس کے مشرقی علاقے میں رہ جانے والی بقیہ آبادی کو عارضی طور پر المواسی منتقل ہونے کا حکم دیا تھا۔